اسلام آباد(خبر نگار خصوصی، 92 نیوز رپورٹ، این این آئی، آن لائن) حکومت کے دعوے سچ ثابت ہوئے ، مسلم لیگ ن نے سینٹ انتخابات لڑنے اورپارلیمان میں بھر پور کردار اداکرنے کافیصلہ کرلیا جبکہ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ استعفے بھی دیں گے اور لانگ مارچ بھی ہوگا،حکومت سے اب کوئی بات نہیں ہوسکتی یہ اس کے آخری دن ہیں ۔ مسلم لیگ ن نے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا، ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے فیصلے کی توثیق کردی ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس گزشتہ روز ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مریم نواز نے نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔ ارکان پارلیمنٹ نے نواز شریف کے بیانیہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔اجلاس میں سینٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا جس کی پارلیمانی پارٹی نے توثیق کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ سینٹ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، پارلیمان میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ، پورا پاکستان ن لیگ کے ٹکٹ سے الیکشن لڑنا چاہتا ہے ، استعفے بھی دیں گے اور لانگ مارچ بھی ہوگا، استعفوں کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی اور اسے تمام جماعتیں تسلیم کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مذاکرات کیلئے منتیں کر رہی ہے ، جتنے مرضی رابطے کرلیں حکومت مزید نہیں چل سکتی، جن قوتوں کو ہم سیاست اور سیاسی میدان سے نکالنا چاہتے ہیں وہ دور رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ جبر اور زیادتوں کے باوجود ارکان اجلاس میں شریک ہوئے ، خوشی ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود تمام ارکان نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دریں اثنا اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا خوشی ہے آج مسلم لیگ ن نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے جبر براوزیادتیوں کے باوجود ارکان اجلاس میں شریک ہوئے ۔ موجودہ حکومت کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہواہے ۔ پیپلزپارٹی کی بیک ڈورڈپلومیسی کے سوال پرمریم نوازنے کہا کہ میں مفروضوں پربات نہیں کرسکتے ۔ نااہل حکومت کی وجہ سے ملک مسائل کاشکارہے نوازشریف کاحکم ہے حکومت کی نااہلی سے عوام کوآگاہ کریں نیانیب آرڈینیس نہیں لانے دیں گے ،جونیب اپوزیشن کیلئے تھا اب حکمرانوں کیلئے بھی وہی رہے گا۔ ۔ہمارے کسی ممبر کو پروڈکشن آرڈر کی ضرورت نہیں ،حکومت پروڈکشن آرڈر اپنے پاس ہی رکھے ۔ پارلیمانی پارٹی نے ڈیسک بجا کر مریم نواز کو ویلکم کیا۔اجلاس میں ایک کرسی پر نیب کے زیر حراست مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کی تصویر رکھی گئی۔اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کو اجلاس ملک میں مہنگائی کی تازہ لہر پر شدید احتجاج کرتا ہے جو عوام کی برداشت سے باہراور ان پر ظلم ہے ۔ اجلاس میں مطالبہ کیاگیا کہ قومی اثاثوں کو گروی رکھنے کا عمل فوری ختم کیاجائے کیونکہ نجکاری کے نام پر پاکستان دشمنی اور اس کے اثاثے تباہ کرنے کا کھیل آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج کیا اور کہا ہے کہ ن لیگ دور میں منصوبے بن رہے تھے ، نئے پاکستان میں منصوبے نیلام ہو رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف نے موٹرویز، پارک، ہسپتال، ہوائی اڈے بنائے ، عمران صاحب ان سب کو گروی اور نیلام کر رہے ہیں ،عمران صاحب ’’سب بیچ دے ‘‘کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ایف نائن پارک سمیت قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ گروی رکھے جا رہے ہیں۔