ملتان؍ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍خبرنگار؍خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مڈٹرم الیکشن اور ان ہائوس تبدیلی کا مطالبہ بے بنیاد ہے ،اپوزیشن کی خواہشات پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی،اپوزیشن حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے بجٹ اجلاس میں اکٹھی ہوگئی لیکن اس کے باوجود بجٹ پاس ہو گیا،الیکشن کوایک سال ہوا ، بجٹ کی منظوری سے حکومت کی اکثریت ثابت ہوچکی،اپوزیشن جتنی مرضی اے پی سی بلا لے ، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہانیاں کے نواحی گائوں میں چودھری ارشد ارائیں کے بھائی کی قل خوانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں،پاکستان مخالف قوتیں سازشوں کے تانے بانے بنا رہی ہے ۔ ملتان میں این اے 156کی یونین کونسل 20مشتاق کالونی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور گرین بیلٹ کے افتتاح کے موقع پر معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا 40سال کا بگاڑ ایک سال میں ٹھیک نہیں ہوسکتا، ہماری خواہش ہے کہ حالات بہتر کئے جائیں اور اس کے لئے بھر پور کوششیں کررہے ہیں لیکن راتوں رات مسائل حل نہیں ہوسکتے ، حالات بہتر ہونے میں وقت لگے گا، اس کیلئے ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں اور کرنا پڑیں گے ،قوم ساتھ دے ۔ انہوں نے کہا ہمیں قائد حزب اختلاف کے ساتھ مل بیٹھنے پر کوئی اعتراض نہیں ، یہ جب چاہیں مل بیٹھتے ہیں، قائد حزب اختلاف اپنا نقطہ نظر پیش کریں اور ہم حکومتی رائے پیش کریں گے ، لیکن ان میں سچ سننے کا حوصلہ ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہی پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سب سول سیکرٹریٹ کیلئے جگہ کا انتخاب ہونا تاحال باقی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے این اے 156 میں مختلف یونین کونسلوں کا دورہ بھی کیا۔شاہ محمود نے آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ضلع کی سطح پر معاہدے کئے جائیں گے تاکہ لیبر کا استحصال نہ ہو، بھٹے کے دھوئیں سے آلودگی پھیلتی ہے ،ماحول کو بہتر کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونا ہو گا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اقتدار کی پچ پر لگاتار کھیلنے والوں کو سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی اب عادت ڈالنا ہوگی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اپنے دور میں آئینی مدت پوری کرنے کی حمایت کرنے والے کس منہ سے مڈ ٹرم انتخابات کی بات کر رہے ہیں؟ کوئی ذہنی ہیجان اور بیماری والا شخص ہی مڈ ٹرم کی بات کرسکتا ہے ،یہ لوگ 10 ماہ اقتدار کے بغیر نہیں گزار سکتے ؟اقتدار کے بغیر ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی پانی کے بغیر،اب انہیں 4 سال ایسے ہی تڑپنا ہوگا۔انہوں نے کہا شہباز شریف کو سمجھ نہیں آ رہی کہ مریم صفدر کے پارٹی پر قبضہ کے بعد وہ کیا بیانیہ لیں اور کیا منجن بیچیں؟ جب بھی انتخابات ہوئے عمران خان ہی کلین سویپ کریں گے ۔