اسلام آباد، نارووال(خبر نگار خصوصی،نمائندہ 92 نیوز ) ن لیگ نے آٹا اور چینی بحران پر وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔تفصیل کے مطابق ن لیگ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں روپیہ 10روپے ڈالر کے مقابلے میں گر چکا ہے ، پورا ملک چیخ چیخ کر کہہ رہا تھا کہ ہاٹ منی نہ لیکر آؤ جس دن انٹریسٹ ریٹ گرے گا یہ ہاٹ منی بھاگ جائے گی ۔ڈالر 10روپے مہنگا ہونے سے اب ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور پاکستان کے قرضوں میں 9ٹریلین سے زیادہ کا اضافہ ہوجائے گا ، انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آٹے اورچینی کے کرپشن میں براہ راست ذمہ دار ہیں ، انہیں فوراً مستعفی ہو جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اب صرف ٹی وی سکرینوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ ادھر ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خود احتسابی اسے کہتے ہیں کہ نوازشریف،شہبازشریف اور نے جھوٹے الزامات کے باوجود خود کو قانون کے حوالے کیا۔کال کوٹھری اور سزائے موت کی چکیوں میں رہ کر جھوٹے الزامات کا جواب دیا ہے ، خود احتسابی یہ ہوتی ہے ۔اپنے بجائے اپنے اے ٹی ایم ،کچن چلانے اور دھرنا سجانے والے کو قانون کے حوالے کرنے سے خود احتسابی نہیں خود غرضی کہتے ہیں۔روشن مثال قائم کرنی ہے تو عمران خان استعفیٰ دیں۔