جھنگ،ملتان،راجن پور(ڈسٹرکٹ رپورٹر،سپیشل رپورٹرمانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر مملکت برائے تعلیم شیخ وقاص اکرم نے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کی جانب سے جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 115 سے پی ایم ایل این کی ٹکٹ جاری کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے ،جھنگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف پر واضح کردیا تھا کہ وہ (ن) لیگ کی ٹکٹ کے خواہاں نہیں اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے ، حیرت ہے اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے میرے نام پر ٹکٹ جاری کردیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ادھر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے (ن) لیگ کی اہم وکٹ گرادی ، سابق صوبائی وزیر رائے منصب علی خان اور سابق ٹائون ناظم رائے عارف منصب (ن) لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے اور سابق وزیر اعظم و امید وار این اے 158 سید یوسف رضا گیلانی اور این اے 157کے امیدوار سید علی موسی ٰگیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا، گزشتہ روز یوسف گیلانی نے رائے منصب کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہآنے والے دنوں میں مزید لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہونگے ،منصب علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا کہ (ن)لیگ میں پیسے کی سیاست ہو رہی ہے جس کا واضح ثبوت زعیم قادری ہیں ۔میں پیسے کی سیاست نہیں کرسکتا ،عنقریب (ن) لیگ میں پیسے مانگنے والوں کی سیاست کو بے نقاب کروں گا۔ ادھرپی پی 294راجن پور سے امیدوار اطہر گورچانی نے بھی اعلان کیا ہے کہ میں ن لیگ کے ٹکٹ سے نہیں بلکہ آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے خبریں چلا ئی جارہی ہیں کہ میں نے مسلم لیگ ن سے ٹکٹ لیا ہے یہ غلط ہے ۔مجھے ن لیگ کا ٹکٹ نہیں چاہئے ۔