فیصل آباد، لاہور(خصوصی رپورٹر، این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے حکومت کے خوف سے واضح ہے کہ اس کے دن گنے جا چکے ہیں ،یہ لڑ کھڑا رہی ہے اور آخری سانسوں پر ہے ۔مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ’’نواز شریف رہائی‘‘ریلی نکالی گئی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جس حکومت کو میڈیاکو بند کرنا پڑے ،اپوزیشن کے لیڈروں،کارکنوں کو گرفتار کرنا پڑے ،جس حکومت کو جلسوں ،آوازوں ،راستوں اور سڑکوں کو بند کرنا پڑے اس حکومت کے دن انشا اﷲ گنے جا چکے ہیں ،ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔قبل ازیں مریم نواز ریلی کی صورت میں جاتی عمرہ سے فیصل آبادپہنچیں،انہوں نے نواز شریف کو آزاد کرو والی شرٹ پہن رکھی تھی،کارکن پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ،اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ مریم نواز کی فیصل آ باد آ مد کے موقع پر ٹریفک کا نظام درہم برہم کر رہ گیا ، شہری کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے ۔ الائیڈ ہسپتال ، سول ہسپتال میں زیر علاج مر یضوں اور انکے اہل خانہ کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑا۔ شہریوں اور لیگی کارکنوں کے مابین ہا تھا پا ئی کے واقعات بھی پیش آ ئے ۔