لاہور،راولپنڈی،ملتان،پشاور(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،92نیوز، این این آئی ) مسلم لیگ ن کی کال پر مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف احتجاج کیا گیا ،لیگی کارکنوں نے مختلف شہروں میں پریس کلبوں کے باہر مظاہرے کئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔تاہم ن لیگ کا اپنے سیاسی گڑھ لاہور میں پاور شو نہ ہوسکا، عہدیداروں نے بعض کارکنوں کے رابطہ کرنے پربھی انہیں کوئی جواب نہیں دیا ،کارکن احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے تذبذب کا شکار رہے ۔گزشتہ روز جہاں مختلف شہروں میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے وہاں لیگی قیادت لاہور میں کارکنوں کے سڑکوں پرنہ نکلنے کے حوالے سے پریشانی میں مبتلا رہی ۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور دیگر عہدیداروں کی ناقص حکمت عملی کے باعث پارٹی کو لاہور میں مبینہ نقصان پہنچ رہا ، کارکنان کے ساتھ رابطوں کا خاصا فقدان ہے ، یہی وجہ ہے کہ مہنگائی سے تنگ عوام اورکارکنان احتجاجی مظاہروں میں شرکت نہیں کررہے ۔دوسری جانب دیگر شہروں میں ن لیگ کے مظاہروں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر رہا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھارکھے تھے جن پر مہنگائی اور حکومت کیخلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پرمسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہاکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے غریب کی زندگی اجیرن کر دی، مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ موجودہ حکومت نے ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے ۔ غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کا دیوالیہ نکال دیا گیا اور اسکاالزام سابق حکومتوں پر ڈالا جارہا ہے ۔یہ حکومت جائیگی تو عوام کی زندگیوں میں سکون آئیگا ۔راولپنڈی پریس کلب سے مظاہرین نے مری روڈتک احتجاجی مارچ بھی کیا جس کی قیادت ضلعی صدر سردار ممتازخان پسوال،صدر راولپنڈی سردارنسیم ،جنرل سیکرٹری حاجی پرویز، ایم این اے طاہرہ اورنگ زیب ،سیماجیلانی ، ملک شکیل اعوان اوردیگرنے کی۔ مظاہرین نے گوعمران گو، مک گیاتیرا شونیازی ،گونیازی گو،آٹامہنگاہائے ،چینی مہنگی ہائے ، ہرشے مہنگی ہائے ہائے ،ظالموں سے اقتدارچھین لوچھین لو،آٹاچورو،چینی چوروہن تے ساڈاپچھاچھوڑو،اوردیگرنعرے لگائے ۔اس موقع پر نوازشریف کی صحت یابی کیلئے دعابھی کئی گئی ۔ملتان میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی ، سینیٹر رانا محمودالحسن ،سابق ایم این اے شیخ طارق رشید نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے ۔ مہنگائی کے ستائے عوام ایک انقلاب کی صورت میں سڑکوں پر نکلیں گے اور حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجادینگے ۔ اس موقع پرمظاہرین نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا۔ کارکنان نے سینہ کوبی بھی کی اور بجلی کے بل نذرآتش کئے ۔ادھر ن لیگ خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام پشاور سمیت ضلعی ہیڈکوارٹر زمیں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔