اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات شبلی فرازنے کہاہے کہ اپوزیشن استعفے دے گی تو نئے الیکشن کرائیں گے ،پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت حاصل کرے گی، اپوزیشن مختلف حربے استعمال کرکے حکومت گراناچاہتی ہے ،اپوزیشن کرپشن کاحساب دینے کے بجائے حکومت پرتنقیدکرتی ہے ،حکومتی اقدامات سے معاشی اشاریے بہترہورہے ہیں۔میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شبلی فرازنے کہا ن میں سے ش نکلنے کی باتوں میں حقیقت ہے ،مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کے حوالے سے شیخ رشیدکی باتوں میں وزن ہے ،نواز شریف کے بیانیے پرمسلم لیگ (ن) سے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں، ش لیگ سمیت مسلم لیگ (ن) کے کئی دھڑے بننے جارہے ہیں ،نواز شریف کے حالیہ بیانات سے ان کی پارٹی اضطراب کا شکارہے ۔انہوں نے کہا ن لیگ والے ڈیل کے چکروں میں ہیں اورمسلسل رابطوں کی کوشش میں ہیں،نیب کیسزکاگھیراتنگ ہونے پراپوزیشن حکومت کوبلیک میل کرناچاہتی ہے ۔انہوں نے کہا فیصل آبادمیں ن لیگ کی تنظیم سازی بڑے زوروں پرچل رہی ہے ۔شبلی فراز نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کورونا وبا کے حوالے سے اپوزیشن کے الزامات اور خدشات کو وقت نے غلط ثابت کر دکھایا،کٹھن حالات میں اعلیٰ کارکردگی دکھانا عمران خان کی حقیقی پہچان ہے ۔