لاہور،ملتان، خانیوال(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا پنجاب رائیونڈ تک محدود تھا۔سابق حکومت نے 100 ارب روپے کے ڈس آنر چیک تحفہ میں دیئے ، اورنج ٹرین پر پیسہ ضائع کیا،قوم کے بچوں کو اربوں روپے کامقروض بنادیا۔گزشتہ روزملتان میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے چھٹے سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کا بجٹ اب اورنج ٹرینوں پر نہیں بلکہ جنوبی پنجاب پر ہی لگے گا،علاقہ کیلئے صحت کا بجٹ بڑھادیا ہے ، پہلی بار بجٹ کی مساوی تقسیم کی گئی ہے ۔جنوبی پنجاب میں6 نئے ہسپتال بنائینگے ۔ن لیگ نے صحت کے کئی منصوبے ادھورے چھوڑ دئیے جن کو مکمل کرینگے اور نئے ہسپتالوں کا جال بچھائینگے ۔تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کیلئے صحت کا 280 ارب روپئے کا بجٹ رکھا ہے ۔جنوبی پنجاب میں مدر اینڈ ہیلتھ کئیر کے تین نئے ہسپتال بنا رہے ہیں جبکہ نشتر ٹو سمیت شیخ زاید ہسپتال فیز ٹو کے منصوبوں کیلئے بھی پیسے رکھے گئے ہیں۔ چیف جسٹس سے درخواست کرتی ہوں کہ محکمہ صحت کے کرپٹ افسروں کو سٹے نہ دیا جائے ۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ کسی ہسپتال کو نجی سیکٹر کو نہیں دینگے جبکہ ہیلتھ کارڈ جولائی کے آخر تک8 لاکھ سے زائد افراد میں بانٹ دیئے جائینگے ،2422 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے فعال کر رہے ہیں۔22 سو سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی دیہی مراکز میں بھرتی سمیت 11 ہزار ڈاکٹرز بھی بھرتی کئے جارہے ہیں۔ قبل ازیں سینڈیکیٹ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت نے کئی منصوبوں کی منظوری دی۔علاوہ ازیں ڈاکٹریاسمین راشدرات گئے اچانک خانیوال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال پہنچیں اور ایمرجنسی، مختلف وارڈز، اینٹری سسٹم، آپریشن تھیٹراور بلڈبینک کادورہ کرکے صفائی ستھرائی اورطبی سہولیات کاجائزہ لیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں حقیقی تبدیلی لاکردم لیں گے ۔