اسلام آباد( آن لائن، صباح نیوز ) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن وزرا کالونی کے گھر کے لیے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں، مولانا صاحب مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لئے کریں، چوروں کی آزادی کے لیے نہیں، آزادی کشمیر کی جدوجہد کوئی ٹونٹی ٹونٹی میچ نہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے کہا مولانا صاحب کو کشمیر سے زیادہ کشمیر کمیٹی سے دلچسپی ہے ، مولانا صاحب دوسروں کو مشورہ دینے کے بجائے اپنے بیٹے سے کہیں کہ استعفی دے دیں، اپنے فرزند کے لیے پارلیمان بھی حلال اور اس کی تنخواہ بھی حلال، مراعات بھی حلال اور اس کی نشست بھی حلال ہے جب کہ موجودہ حکومت اور پارلیمان اس لیے ناجائز اور حرام ہے کیونکہ اس میں آپ موجود نہیں، آج آپ کی جمہوریت پسندی کہاں ہے ، آج کس منہ سے پارلیمان کو گرانے کے دعوے فرما رہے ہیں، آج آپ کے جمہوریت کے لئے اصول کہاں ہیں۔راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت کے تحت بزنس ویمن کا پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کردارپر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں خواتین کا بھی اہم کردار ہے ، وزیراعظم کا جھگڑا صرف اور صرف سامراجی نظام، غربت اور بھوک و افلاس سے ہے ، فرسودہ نظام کی وجہ سے 95 فیصد وسائل پر اشرافیہ نے قبضہ اور اداروں کو یرغمال بنالیا تھا، آج یہ نیا پاکستان ہے ، تبدیلی کے سفر میں مشکلات سے گھبرانا نہیں ۔سیالکوٹ میں ہم نے اپنا ائیر پورٹ بنایا اب ہم اپنی نجی ائیر لائن بھی بنانے جارہے ہیں۔سماجی کام وہ نشہ ہے جس کو لگ جائے وہ اس سے باہر نہیں آسکتا۔میں بھی اس نشے کا شکار ہوں۔