جدہ،،نیویارک ،ویانا،پیرس (خصوصی رپورٹ ، بیورورپورٹ ،نمائندگان 92 نیوز ، ایجنسیاں ) یوم پاکستان پر کئی ممالک میں تقاریب کا نعقاد کیا گیا ،پاکستانی پرچم لہرائے گئے ، کیک بھی کاٹے گئے ۔جدہ میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ اپنے خطاب میں قونصل جنرل خالد مجید نے پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی ۔ پاکستان انٹرنیشنل سکول، رحاب اور عزیزیہ کے بچوں نے تقریریں کیں اور ٹیبلوز پیش کیے ۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا،ناظم الامور آفتاب حسن خان نے تقریب میں پاکستان کا پرچم بلند کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک بشمول بھارت کے ساتھ باہمی مفادات پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے ۔ پاکستان ہائی کمیشن سکول کے طلبا نے تقریب میں قومی نغموں پر پرفار منس دی ۔پاکستانی مشن اور قونصلیٹ جنرل نیویارک کے زیراہتمام اقوام متحدہ پاکستانی مشن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے پاکستان کا پرچم لہرایا۔ قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی نے صدر ، عامر خان نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ منیر اکرم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے پرچم کشائی کی۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا ، پاکستان کے سفیر معین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے سود مندنتائج سامنے آئے ہیں ۔ پیرس میں پرچم کشائی کی تقریب میں قائم مقام سفیر امجد عزیز قاضی نے قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔ ویانا میں سفیر آفتاب احمد کھوکھر کی زیر سرپرستی سفارت خانہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا اور پرچم کشائی کی گئی ۔ پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور میں پرچم کشائی کی تقریب میں ہائی کمشنر رخسانہ افضال نے پاکستان کا جھنڈا لہرایا ، جاپان میں پاکستانی سفیر امتیاز احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں پر لازم ہے کہ وہ پاکستان میں امن، ترقی اور اتحاد کے فروغ کے لیے کوشش کریں۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن ، برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر کے قونصل خانوں میں پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔برلن ، برسلز ،پریٹوریا اور دیگر شہروں میں تقاریب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔