اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں،ایک سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے ۔وزیراعظم سے افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان امن عمل سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ عالمی برادری نے انکے اس موقف کو تسلیم کیا،عالمی برادری نے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیا، وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی، امید ہے افغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کیلئے ملکر تعمیری انداز میں کام کریگی، جنگ بندی اورتشدد میں کمی کیلئے تمام افغان جماعتوں کو کام کرنا ہوگا، وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونیوالے اتفاق رائے کی حمایت کریگااور تنازع کے حل کے بعد بحالی اور ترقی میں افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔دریں اثنا انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں امن علاقائی ترقی کیلئے ضروری ہے ، بہترین مستقبل کیلئے ہمیں ماضی کی غلطیوں کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں چاہتے ، ہم مذاکرات کے نتیجے میں افغان عوام کے فیصلے کو سراہیں گے ۔ افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن ہوگا، تجارت، کاروبار اور عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، معیشت کی بہتری کیلئے دونوں ممالک میں آزادانہ تجارت کو فروغ دینا ضروری ہے ۔عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغان عوام اپنے ملک میں دہشتگردوں کے قدموں کی موجودگی چاہتے ہیں نہ ہم اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کیخلاف استعمال ہونے دینا چاہتے ہیں ۔مذاکرات کے تاریخی موقع کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔ ہم دوستی چاہتے ہیں اور اپنے ہمسائیہ میں کسی قسم کی مداخلت نہیں چاہتے ۔ہم کامیاب ہونا چاہتے ہیں، اسی سے میں ہیرو ہوں گا اور ملا عبدالغنی برادر بھی۔دریں اثنا چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے افغان کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی،بعدازاں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ظہرانے میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ودیگرارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوئے ۔