لاہور(نمائندہ خصوصی سے )شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ(ن) نے نئی حکمت عملی تیار کرلی۔ حکومت کے خلاف جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی توثیق آج اور کل ہونے والے اجلاسوں کے شرکاء سے کرائی جائے گی جبکہ نواز شریف نے بھائی کی گرفتاری کے بعد پارٹی معاملات اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں، ان کے فیصلوں کی روشنی میں مریم نواز عمل درآمد کرائیں گی ۔لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے متعدد پارٹی رہنمائوں سے ٹیلی فونک رابطے بھی کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال،مریم نواز،خواجہ آصف و دیگر رہنمائوں کو نواز شریف نے اہم ٹاسک سونپ دئیے ہیں۔پارٹی کے معاملات سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال دیکھیں گے ۔عوامی سطح پر مریم نواز متحرک ہوں گی۔پارٹی اجلاسوں کی صدارت راجہ ظفر الحق کریں گے ۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کی غیر موجودگی میں خواجہ آصف پارٹی کی نمائندگی کریں گے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اہم لیگی رہنمائوں کو فوری طور پر حکومت مخالف تحریک کی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی ہیں۔نواز شریف نے لیگی رہنمائوں کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں مزید تیزی لانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔