لاہور (این این آئی ) برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی کوئین آف پاپ پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی 20ویں برسی آج منائی جائے گی ۔نازیہ حسن 3اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں ۔نازیہ حسین نے پندرہ سال کی عمر میں ہندوستانی فلم ’’قربانی ‘‘کے لیے ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ‘‘گانا گایا ،اس نغمے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور اس پر انہیں ہندوستان کا مشہور فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی شخصیت تھیں۔ اس کے بعد وہ کامیابی کی ایک کے بعد ایک سیڑھی چڑھتی گئیں۔نازیہ حسن نے اپنے فنی کریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام سے کیا جس میں ان کے بھائی زوہیب حسن بھی ان کے ساتھ شرکت کرتے تھے ۔ پھر نازیہ اور زوہیب حسن کا مشہور البم ’’ڈسکو دیوانے ‘‘ریلیز ہوا۔ اس کیسٹ نے بھی فروخت اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ۔نازیہ حسن کینسر کے باعث 13 اگست 2000 ء کو انتقال کر گئیں۔