فیصل آباد(ذیشان خان) نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ کا ٹرانسمشن سسٹم بھی چھوٹے صوبوں کے رہنے والوں کوعذاب میں مبتلا کرنے لگا ،بجلی گھروں (جینکوز )سے پیدا ہونے والی بجلی کو تقسیم کارکمپنیوں (ڈسکوز )تک پہنچانے میں ناکام ٹرانسمشن سسٹم کی وجہ سے ملک میں 18 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہوئی ۔ ملک کے صرف دو شہروں ایبٹ آباد اور ہری پور میں ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوگئی جبکہ بلوچستان کے اضلاع سکندر آباد،دکی ،قلات کے رہنے والوں کو 18 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا کرنا پڑا۔پاور سیکٹر کے ذرائع کے مطابق ایک روز قبل ملک بھر میں صرف ایبٹ آباد اور ہری پور میں ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوئی جبکہ سکندر آباد،دکی ،قلات ، مستونگ ، پشین ، قلعہ عبداﷲ ،زیارت ، خاران ، نوشکی ، قلعہ سیف اﷲ ،برکھان ،لورالائی، ژوب ،جعفر آباد ، لکی مروت ، شکارپور، لاڑکانہ رورل ، جیکب آباد ، بٹگرام ،ڈیرہ مراد جمالی ، قمبر ، بنوں ، مہر ، راجن پور، میرپور ماتھیلو، گھوٹکی ، پتن ،چارسدہ ،کرک، ٹانک اور جھل مگسی کے اضلاع میں 18گھنٹے سے 10گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی ،جبکہ ان شہروں میں کم ازکم دس گھنٹے کی علانیہ وغیر علانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے ان اضلاع کے رہنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔