اسلام آباد ( نیٹ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے جواب طلب کرلیا، وینا ملککے سابق شوہر اسد بشیر خٹک کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی، دوران سماعت اسد خٹک کے وکیل نے عدالت کو آگاہی دی کہ اسد بشیر 5 سالہ امل اور 6 سالہ ابراہم کے والد ہیں اور دونوں بچے امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں، عدالت کو بتایا گیا کہ اسد بشیر اور ان کی سابق اہلیہ زاہدہ ملک المعروف وینا ملک کے درمیان دبئی کی ایک عدالت میں ازدواجی مسائل سے متعلق ایک کیس تاحال زیر سماعت ہے ، دبئی کی مذکورہ عدالت نے 4 اپریل 2018 کو احکامات جاری کیے تھے کہ ان کے بچوں کو دبئی کی حدود سے باہر نہیں لے جایا جا سکتا۔وینا ملک نے دبئی میں موجود قونصل خانے کے عملے کے تعاون سے غیر قانونی طور پر ان کے دونوں معصوم بچوں کو پاکستان منتقل کیا۔دبئی میں موجود پاکستانی قونصل خانے کے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔اسد بشیر کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو اپنے تحریری جوابات آئندہ ماہ 4 فروری تک جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔