لاہور،سیالکوٹ،اوکاڑہ،رینالہ خورد، دیپالپور (وقائع نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر،تحصیل رپورٹر )پنجاب حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت اوکاڑہ میں 1ہزار خاندانوں کو قر عہ اندازی کے ذریعے گھر وں کی الاٹمنٹ کر دی ہے ۔قرعہ اندازی گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کی جبکہ اس موقع پر صوبائی وزراء ،اراکین پار لیمنٹ 'ضلعی انتظامیہ اور تحر یک انصاف کے اراکین بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں عوام کو چھت فراہم کر نے کیلئے دعوے ہی کرتی رہی ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت نے عوام کو گھروں کی الاٹمنٹ بھی شروع کردی ہے ۔ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں مسلسل10سال حکومت میں رہی مگر آشیانہ سکیم کے ذریعے صرف4100لوگوں کو گھر دیئے ۔علاوہ ازیں گورنر ہا ؤس لاہور میں انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام’’سپورٹس اینڈ کلچرل کانفر نس ‘‘سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کو من مر ضی لاک ڈاؤن اورملک جام کر نے کی اجازت نہیں دیں گے ۔استعفوں کی بات اپوزیشن کی صرف دھمکی ہے وہ کبھی استعفے نہیں دیں گے ۔ہم 126دن دھر نا دے چکے ہیں جب جے یوآئی (ف) اور دیگراپوزیشن جماعتیں دھر نا دیں گی تو ان کا لگ پتہ جائیگا یہ کتنا مشکل کا م ہے ۔شیرگڑھ روڈ رینالہ خورد پر52ایکڑ رقبہ پر محیط 860پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی گئی جس کیلئے 1900سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائی تھیں ۔بعدازاں گورنر سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹڈ کے وائس چیئرمین چودھری افضل شاہین نے ملاقات کی۔وائس چیئرمین چودھری افضل شاہین نے سیالکوٹ ائرپورٹ کے قیام سے اب تک ہونے والی کامیابیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔