کراچی (سٹاف رپورٹر) گڈز ٹرانسپورٹرز نے وفاقی حکومت کی جانب سے اوور لوڈنگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں نہ ہونے پر آج بروز پیر ملک گیر احتجاج کرتے ہوئے نوری آباد سے کراچی تک گاڑیاں شاہراہوں کے دونوں اطراف کھڑی کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی حکومت اوور لوڈنگ پر فوری بندش لگائے اور گاڑیوں کی اوور لوڈنگ سے جانی نقصان سمیت روڈ راستوں کا بھی نقصان ہورہا ہے ، اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائی کی جائے ، ان خیالات کا اظہار یونائیٹیڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس پاکستان، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، فلیٹ آپریٹو ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نظام الدین بڑدی، ایڈوکیٹ اویس چوہدری، محمد شعیب خان، امداد حسین، حاجی الیاس، بابر قمر زمان نے ملیر پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ایکسل لوڈ پر قانون کے مطابق فوری عمل کرتے ہوئے اوور لوڈنگ پر پابندی لگائی جائے ،10 ویلر گاڑیوں سے متعلق معاہدے پر جلد عمل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ناجائز چالان اور جرمانے کے موجودہ قانون کو ٹرانسپورٹرز مسترد کرچکے ہیں، حکومت اس قانون میں ترمیم کرکے بہتر بنائے ، ڈرائیورنگ کے لائسنس کو آسان اور کرپشن سے پاک کیا جائے تاکہ لاکھوں ڈرائیورز بے روزگاری سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈ پرمنٹ ٹوکن ٹیکس فیس کی مد میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے ۔ کراچی کے لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز کیلئے کے پی ٹی پارکنگ یارڈ الاٹ کیا جائے تاکہ گاڑیاں روڈ راستوں پر نہ کھڑیں ہوں، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک بھر میں گاڑیاں کھڑی کرکے کاروبار بند کردیں گے ، 6 جنوری کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں۔۔