اسلام آباد(نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز)نیب نے نارووال سپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس میں ن لیگ کے مرکزی رہنماء احسن اقبال کومرکزی ملزم نامزد کردیا۔ذرائع نے بتایا احسن اقبال کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، ریفرنس منظوری کے لئے چیئرمین نیب کو بھیج دیا گیا ہے اور ایگزیکٹو بورڈضمنی ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کریگا۔نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ 1998ئمیں نواز شریف کے دوسرے دور میں شروع ہوا تھا جس کے بارے میں نیب کا الزام ہے کہ احسن اقبال نے منصوبے کا دائرہ کار وسیع کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے پراجیکٹ کی تعمیر میں سرکاری فنڈزمیں6 ارب روپے کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف شکایات کی تصدیق کا حکم دیاتھا۔