مکرمی!مہنگائی اور اشیائے خوردنی میں ملاوٹ ہمارے ملک کا اہم ترین مسئلہ ہے جس کا جب جی چاہتا ہے وہ قیمت بڑھادیتاہے قیمتوں پر کنٹرول کا نظام انتہائی ناقص ہے تو دوسری طرف ملک میں دو نمبر مصنوعات بنانے خاص طور پر اشیائے خوردنی میں ملاوٹ کا مذموم کاروبار بھی عروج پر ہے ملک میں اشیائے خوردنی میں ملاوٹ کرنے کے دھندے میں کمی نہیں آرہی جو بڑی تشویشناک بات ہے۔ بازار سے آپ کوئی بھی چیز لائیں ایک نمبر چیز حاصل کرنا مشکل ہے۔ حتیٰ کہ ایک نمبرادویات ملنا ایک مسئلہ ہے ۔ بات یہاں تک بڑھ چکی ہے کہ اب پھلوں تک میں انجیکشن لگائے جاتے ہیں۔جن کا استعمال انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہوتا ہے ۔ لیکن دولت کی ہوس میں مبتلا معاشرے کے یہ ناسور اپنے مفاد کے لیے معصوم انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ۔ محکمہ فوڈ اور دیگر متعلقہ حکام کا فرض ہے کہ ان لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرکے ایسی مضر صحت اشیائے خوردنی کی تیاری اور فروخت پر مکمل پابندی لگائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کاروائی کرکے سخت سزائیں دینی چاہیے۔ (چودھری عبدالقیوم)