لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کو پنجاب پولیس ریفارمز کمیشن کا چیئرمین تعینات کر دیا گیا۔ناصر درانی کی تعیناتی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خصوصی حکم پر کی گئی ہے ۔وہ پنجاب پولیس میں اصلاحات لانے کیلئے کام کریں گے ۔ اس سے قبل ناصردرانی خیبرپختونخوا پولیس سربراہ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی پولیس کو غیرسیاسی بنانے اور اس میں اصلاحات لانے میں کامیابی حاصل کی تھی جس کی وجہ سے انہیں پنجاب پولیس میں بہتری لانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ناصر درانی کو وزیر اعلیٰ کے مشیر اور خصوصی معاون کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش بھی ہوئی لیکن انہوں نے سیاسی عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی تھی جس کے بعد انہیں چیئرمین پنجاب پولیس ریفارمز کمیشن تعینات کیا گیا ۔