کراچی (سپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زون سات کے زیرِ اہتمام جاری کے سی سی زون 7 ٹی ٹونٹی لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے دن اورینٹل سپورٹس نے ناظم آباد ینگسٹرز کو دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک وکٹ اور رینجرز کرکٹ کلب نے رضویہ سپورٹس کو باآسانی 147 رنز کے بڑے مارجن سے مات دے کر کامیابی کا کھاتہ کھول لیا۔ پہلے میچ میں ناظم آباد جمخانہ انوبھائی پارک کرکٹ گرائونڈ پر ناظم آباد ینگسٹرز سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بناسکی۔ غازی غوری نے 25 گیندوں پر 27 رنز میں 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔کاشان فہیم نے بھی 27 رنز بنائے ۔ اختر حسین نے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔حسین نے دو وکٹیں 30 رنز دے کر حاصل کیں۔ دوسرے میچ میں رینجرز کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 202 رنز سکور بورڈ پر سجائے ۔ جوابی بیٹنگ میں رضویہ اسپورٹس 55رنز پر ڈھیرہوگئی ۔