اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)وفاقی وصوبائی حکومت کی ناقص حکمت عملی اور شعبہ تعلیم میں عدم دلچسپی کے باعث صوبہ پنجاب میں 5 لاکھ سے زائد بچے سرکاری سکول چھوڑ گئے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے دورحکومت میں پنجاب حکومت صوبے میں شعبہ تعلیم پر 200 ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی، موجودہ حکومت بھی سرکاری سکولوں میں بہتری کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہ اٹھا سکی ۔گزشتہ دور حکومت کے 5 سالوں کے دوران سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم 4 لاکھ 63 ہزار 538 طلبہ وطالبات ناقص معیار تعلیم اور سکولوں میں بنیادی سہولیات نہ ہونے پرسرکاری سکول سے نکل کر نجی سکولوں میں داخل ہوئے جبکہ موجودہ حکومت کے ایک سال کے دوران50 ہزار کے قریب طلباوطالبات سرکاری سے نجی اداروں میں منتقل ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں حکومتی دعوئوں کے برعکس تعلیم کا شعبہ زبوں حالی کاشکار ہے ۔