فیصل آباد(گلزیب ملک) مقدمہ قتل کی تفتیش کے حوالہ سے صو بہ بھر میں قائم کئے جا نے والے ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کو ختم کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کو اسکی ناقص کار کردگی کی بنا پر 15 اپریل کو ختم کر دیا جا ئے گا جبکہ آئندہ سے تھانہ کی سطح پر مقد مات قتل کی تفتیش کیلئے نئے تفتیشی افسروں کی تعیناتی 31 مارچ تک مکمل کی جائے گی جبکہ تاریخ میں پہلی بار اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو بھی قتل کے مقد مات کی تفتیش کی ذمہ داری سونپی جا ئے گی ، تفصیلات کے مطابق سابق آ ئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی طرف سے مقد مات قتل کی تفتیش کے حوالہ سے 15 دسمبر2015 کو ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اور ابتدائی طور پر اس یونٹ کو فیصل آباد ، لاہور سمیت 14 اضلاع میں فعال کیا گیا تھا جبکہ اس یونٹ میں تعیناتی کیلئے انسپکٹر ، سب انسپکٹر عہدہ کے ملازمین کو تربیت دی گئی تھی جس کو بعد ازاں صوبہ بھر میں فعال کرتے ہوئے اس یونٹ میں 600 انچارجوں کی تعیناتی عمل میں لا ئی گئی ، مقدمات قتل کی تفتیش کے حوالہ سے قائم کئے جا نے والے اس یونٹ کے حوالہ سے پنجاب پولیس کے ذمہ داروں کی طرف سے اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ اب مقد مات قتل کی تفتیش میں بہتری آئے گی اور قتل جیسے سنگین جرم کا ارتکاب کر نے والے قاتل قرار واقعی سزا سے بچ نہیں سکیں گے لیکن مقد مات قتل کے حوالہ سے قائم کیا جا نے والا یہ یونٹ بھی روایتی پولیس طرز عمل کا شکار ہو گیا اور شہریوں کی طرف سے اس یونٹ میں تعینات کئے جا نے والے انچارجوں کے خلاف اس دوران نا قص تفتیش کئے جا نے کے حوالہ سے آئی جی پنجاب سمیت دیگر ذمہ داروں کو سینکڑوں در خواستیں دی گئی ، اسکے ساتھ ساتھ جوڈیشل افسران کی طرف سے ناقص تفتیش کی بناپر ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن سمیت دیگر ذمہ داروں کو ان تفتیشی افسران کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کر نے کیلئے مراسلہ جات بھجوائے گئے ، انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کی طرف سے اس معاملہ کے حوالہ سے سینئر پولیس افسران کے ساتھ درجنوں بار مشاورت کی گئی ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کو ختم کرتے ہوئے تھانہ کی سطح پر مقدمات قتل کی تفتیش کیلئے تفتیشی آفیسر ز کی تعیناتی عمل میں لا ئی جائے گی اور اس حوالہ سے باقاعدہ طور پر ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ، جس کے مطابق ضلعی سربراہان تھانہ کی سطح پر اسسٹنٹ سب انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور انسپکٹرکو تعینات کریں گے ، اسکے ساتھ ساتھ اگر کسی تھانہ میں کم نفری کی وجہ سے کسی تھانہ میں مقدمات قتل کی تفتیش کیلئے آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جانی ممکن نہ ہو تو اس تھانہ میں متعین ایس ایچ او نے اگر ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن کورس کیا ہوا ہے تو ایس ایچ او کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ مقد مات قتل کی تفتیش کر سکے ،ایس ڈی پی اوز اس بات کے براہ راست ذمہ دار ہو نگے کہ وہ ان مقد مات قتل کی تفتیش کے عمل کی نگرانی کریں گے ،اسکے ساتھ ساتھ ان تفتیشی افسران کی کار کردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایس ڈی پی اوز ہر ہفتہ ، ضلعی سر براہان پندرہ روز اور ریجنل سر براہان ایک ماہ بعد اجلاس منعقد کیا کریں گے ۔