اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کوئی ریلیف نہیں ملا ،یہ ان کا حق تھا، نالائقوں کا ٹولہ اکٹھا ہوچکا،وزارتیں بدلنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایل این جی کیس میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نواز شریف علاج کیلئے باہر جارہے ہیں،ان کو کوئی ریلیف نہیں ملا یہ انکا حق تھا جو کہ چھ ماہ پہلے ہی انہیں مل جانا چاہئے تھا۔ملکی معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جس صورتحال پر ہم پہنچ چکے ، اس لحاظ سے معیشت کو بحال کرنے میں تین سال لگ جائیں گے ۔جے یو آئی(ف)کے آزادی مارچ سے متعلق انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے بڑا بھرپور اور کامیاب احتجاج کرکے دکھایا ،جو دھرنے کرتے تھے انہیں سمجھ آ گئی کہ دھرنے کس کو کہتے ہیں۔