اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نالائق اعظم اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے اسی لئے ایک جیل میں ہے ، دوسرا باہر بھاگ گیا اور تیسرا سمدھی ملکی معیشت کو چونا لگا کر مفرور ہے ، عمران خان کی قیادت میں قوم نے کرپشن اور معاشی بد حالی کے کینسر کا علاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وہ وقت دور نہیں جب معیشت بھی چلے گی اور عوام خوشحال ہوں گے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کرپشن کا جو حصہ دار نہ بنے اور جو ان سے کرپشن کا حساب مانگے وہ نالائق اور نااہل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں لائق وہ ہے جو منی لانڈرنگ کے نت نئے طریقے ان کوبتائے اوران کو ناجائز کالی دولت بچانے اور بڑھانے میں مدد کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم کے پیسے کھا کر شوبازی کرے اور قوم کے بچوں کے منہ سے نوالہ چھین کر ان کے اپنے بچوں اور چہیتوں کے پیٹ بھرے درحقیقت وہ نالائق اعظم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تکبر ان میں تھا جن کو ملنے کے لیے ان کے منتخب نمائندے ترستے پھرتے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ کا ہزار پوائنٹس سے زائد اوپر جانا مثبت ہے وہ اپوزیشن کو وہ نظر نہیں آتا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت پاکستان بھارتی عوام کا مینڈیٹ تسلیم کر کے مودی کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے ،بھارت ہمیشہ مذاکرات سے کتراتا رہا ہے ،مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح ہے ، ایجنڈے میں سر فہرست رہے گا ،بھارت پاکستان میں چھیڑ خانی سے باز نہیں آتا ،مودی کو خطے کا تھانیدار بننے کی سوچ کو بدلنا ہوگا ، بھارت کو ہماری امن کی خواہش کو کمزور ی نہیں سمجھنا چاہیے ۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کی جماعت کی کامیابی پر کہاکہ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے اچھی خبر ہے نہ بری ، بس یہ ایک خبر ہے کہ مودی کی جماعت نے کامیابی حاصل کرلی ۔