کوئٹہ،لاہور(آن لائن،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) مسلم لیگ(ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے نالائق وزیر اعظم نے ملک کو تباہی وبربادی سے دوچار کر دیا۔کوئٹہمیں سردار یعقوب خان ناصر کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاموجودہ صوبائی حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں، ملکی معیشت نہ ہونے کے برابر ہے ، جیلیں بھر دیں گے لیکن حکومت کو نہیں مانیں گے ، امریکہ اپنے مفادات حاصل کرنے کیلئے پاکستان کوایک بار پھر استعمال کررہا ہے اور نا لائق وزیر اعظم اپنے ناکام دورے کو کامیاب دورہ سمجھ کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں جس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ،تمام سیاسی جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل طے کر کے حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں، کوئٹہ کے کامیاب جلسے نے حکمرانوں کا جینا حرام کردیا، میڈیا پر اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کو کوریج نہیں دی گئی ،کیا یہ جمہوریت ہے ۔مریم نواز2اگست کو پاکپتن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی۔ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا پاکستانی عوام کا شکریہ 25 جولائی کو چاروں صوبوں میں یوم سیاہ منا کر ثابت کر دیا کہ چوری شدہ مینڈیٹ سے یہ حکومت آئی ۔ بیرونی سرمایہ کاری میں 50 فیصد،5 ارب برآمدات میں کمی، 10 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ، 4 لاکھ سے زیادہ لوگ خط غربت سے نیچے جا چکے ،عوام کا وزیراعظم ہو تو اسے رات کو نیند نہ آئے ،سلیکٹڈ پی ایم کے یہ ایشوز نہیں،کابینہ کے 4 گھنٹے کے اجلاس میں 3 گھنٹے نواز شریف کو ڈسکس کیا جاتا ہے کہ ان کا اے سی بند ،ٹی وی واپس لے لو۔عوام کا احتجاج حکومت پر عدم اعتماد تھا،نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان اورعثمان بزدار ذمہ دار ہو نگے ،ہم سب کیخلاف نیب کے نئے کیسز کھولے جا رہے ہیں،یہ نیب ہے یا نیازی اکاؤنٹیبلٹی بیورو ہے ، مجھے بھی میسج آ رہے ہیں کہ عباسی کے بعد بھی آپ کو سمجھ نہیں آ رہی۔