لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) نامعلوم زائرین نے ایڈمنسٹریٹر داتا دربارسکندر ذوالقرین کھچی کے دفترمیں گھس کر ان سے بدتہذیبی کی اور پکڑ کر دفتر سے باہر لے آئے ، وقوعہ اتنی تیزی سے ہوا کہ ایڈمنسٹریٹر آفس کے باہر موجود اوقاف کے گارڈز مداخلت ہی نہ کر سکے ۔ بتایا گیا ہے کہ تقریباً دس سے پندرہ زائرین ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین کھچی کے دفتر آئے ، ان میں سے چند دفتر چلے گئے ، باقی باہر ہی موجود رہے ۔ چند منٹ بعد زائرین ایڈمنسٹریٹر کو باہر لائے توانکی قمیض کے سامنے سے تمام بٹن ٹوٹے ہوئے تھے ۔آناً فاناً اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد زائرین کا گروپ داتا دربار میں جاری روحانی محفل میں شرکت کیلئے چلا گیا۔ جبکہ واقعہ کے بعد ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے سی سی ٹی وی کنٹرول روم میں جا کر واقعہ کی فوٹیج دیکھی اور اسے محفوظ بنانے کے احکامات جاری کر کے ایس پی داتا دربار سے انکے کمرے میں جا کر طویل ملاقات کی ۔ اسی اثنا میں بیسیوں کی تعداد میں زائرین ایک بار پھر ایڈمنسٹریٹر داتا دربار کے دفتر اکٹھے ہوئے اور ایڈمنسٹریٹر کیخلاف نعرے بازی کی ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سابق صوبائی خطیب اوقاف مولانا عارف سیالوی وہاں پہنچے اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کرنیوالے زائرین کو وہاں سے چلتا کیا اور سمجھایا کہ وہ داتا دربار کے تقدس کو ہر صورت مقدم رکھیں۔ مذکورہ معاملہ کی اطلاع صوبائی وزیر اوقاف، سیکرٹری اوقاف اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب کو دیدی گئی جنہوں نے اس تمام عمل کو افسوسناک قرار دیا ۔