کراچی ،نوابشاہ،لاہور ،اسلام آباد (کلچرل رپورٹر، بیورو رپورٹ ،وقائع نگار خصوصی ) نامور اداکار گلاب چانڈیو جمعہ کے روز مقامی ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے ۔ شوگر اور عارضہ قلب کی بیماری کے باعث انکو دو روز قبل کراچی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا گلاب چانڈیو کافی عرصے سے سے علیل تھے ۔ چانڈیو 6 جنوری 1958کو نوابشاہ میں پیدا ہوئے ۔ 1980 سے ٹی وی ڈراموں میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اس سے قبل سیاست میں بھی سرگرم رہے انکے مشہو ڈراموں میں جنگل ،زینت، ٹیپو سلطان،ساگر کے آنسو،جبکہ فلموں میں محب شیدی،الزام،طوفان،صاحب بیوی،غلام، میری توبہ و دیگر فلمیں شامل تھیں ۔انکی آج نوابشاہ میں آبائی گائوں میں تدفین کی جائے گی۔انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ،2بیٹے اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا،سینیٹر شبلی فراز، راجہ محمد ظفرالحق اور شوبز حلقوں نے بھی انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔