لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کے مختلف اضلاع کے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں نان پریکٹسنگ الاؤنس کی کٹوتی کی وجہ سے ڈاکٹروں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ڈاکٹرز کی تنخواہیں پہلے ہی کم ہیں -ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں اس وقت کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اس مشکل وقت میں بھی ڈاکٹر اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دن رات اس مہلک وباء سے جنگ کر رہے ہیں۔ڈاکٹرز کی اس محنت کے باوجود ان کی تنخواہوں الاؤنس کی کٹوتی افسوس ناک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نان پریکٹسنگ الاونس اور KPIکی پرفارمینس انڈیکیٹرز الاؤنس کی سمریاں وزیر اعلی ٰ کی ٹیبل پر پڑی ہیں ۔ینگ ڈاکٹرز وزیراعلی سے اپیل کرتے ہیں کے ڈاکٹرز کی کاوشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان دونوں سمریز پر سائن کر کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بھیج دیں ۔