متحدہ عرب امارات میں 10ہزار سے زائد پاکستانیوں کو شناختی کارڈ موصول نہ ہونے پر مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ کوریئر کمپنی سے کنٹریکٹ ختم ہونے کے باعث شناختی کارڈ پہنچنے میں تاخیر ہوئی ہے۔متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی پہلے تو ویزے کی مشکلات سے دوچار تھے ،اب شناختی کارڈ کی ترسیل نہ ہونے پر پریشان ہیں۔ شناختی کارڈ کی ترسیل نہ ہونے پر وہ لوگ شدید اذیت کا شکار ہیں جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے، ویزوں کے بارے میں تو حکومت پاکستان متحرک ہوئی تھی جس کے بعد ویزوں کے مسائل پر امارات سے بات ہو رہی ہے لیکن اب شناختی کارڈ کی ترسیل کا معاملہ التوا کا شکار ہو رہا ہے جو باعث تشویش ہے ۔گو سفارت خانے کا کہنا ہے کہ کورئیر کمپنی سے کنٹریکٹ ختم ہونے کے باعث مشکلات درپیش ہیں، کورئیر کمپنی کے ساتھ اگر کوئی مسئلہ تھا تو قبل از وقت ہی معاملات طے کر لیتے تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا کیونکہ 10ہزار سے زائد پاکستانیوں کو شناختی کارڈ موصول نہیں ہوئے جس کے باعث یہ افراد ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ عربوں کے عجمیوں کے لئے قوانین بھی زیادہ سخت ہیں۔ اسی لئے حکومت اس کام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ لوگ مشکلات سے بچ سکیں۔