لاس اینجلس ( نیٹ نیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب پیرو جھیل میں 8 جولائی کو نہانے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہونے والی 33 سالہ اداکارہ نایا ریویرا کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ اداکارہ نے ڈوبنے سے قبل اپنے چار سالہ بیٹے کو کشتی پر واپس پہنچایا تھا، اداکارہ کی لاش 13 جولائی کو مل گئی اور منگل کو حکام نے تصدیق کردی کہ لاش اداکارہ نایا ریویرا کی ہی ہے ۔ پولیس کے مطابق 33 سالہ نایا ریویرا نے اپنی موت سے قبل اپنے بیٹے کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی، پولیس افسر نے بتایا اداکارہ نے اپنے بیٹے کو واپس کشتی میں کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ خود کو نہ بچا سکیں، اداکارہ کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کا بیٹا جوزے تولیے میں لپٹا اور لائف جیکٹ پہنے کشتی میں سوتا ہوا ملا تھا، بچے نے بتایا وہ اور اس کی ماں تیر رہے تھے ، وہ کشتی میں واپس آگیا لیکن ماں نہیں آ سکی۔ بیٹے نے بتایا کہ نایا نے اس کی مدد کرکے اسے کشتی پر سوار کرایا، کشتی پر پہنچ کر میں نے پیچھے دیکھا تو وہ نظر نہ آئیں۔ واضح رہے نایا نے جھیل کی سیر کیلئے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ اپنے بیٹے کے ساتھ جھیل میں اتری تھیں لیکن واپس نہیں آئیں، حکام کے مطابق اداکارہ نے زندگی بچانے والی جیکٹ نہیں پہنی تھی۔