اسلام آباد(اظہر جتوئی)وفاقی حکومت نے کرپٹ اور بد دیانت افراد کیخلاف فیصلہ کن کارروائی اور قومی دولت کو قومی مجرموں سے واپس لانے کیلئے نیب کے افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں نئے مالی سال 2019-20 ء میںنیب کے افسران و ملازمین کے الاونسزاور مراعات کی مد میں 300 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اعلیٰ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جبکہ گریڈ 17 سے گریڈ 20 کے افسران کی تنخواہوں میں 5 فیصد اور گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد اضافہ کی تجویز دی ہے ،اس کے برعکس نیب کے افسران و ملازمین کے الائونسز میں 300 فیصد اضافہ کی تجویز دی گئی ہے ۔بجٹ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 2018-19 ئمیں نظر ثانی شدہ بجٹ میں وفاقی حکومت نے ریگولر الائونسز اور دیگر الائونسز کی مد میں مجموعی طور پر ایک ارب 31 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی تھی، جبکہ نئے مالی سال 2019-20 ئکے دوران الائونسز کیلئے مجموعی طور پر 4 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے ،اس میں ریگولر الائونسز رواں مالی سال 2019-19 کیلئے مختص 73 کروڑروپے کی رقم نئے مالی سال میں بڑھا کر2 ارب 44 کروڑ روپے ، جبکہ ریگولر الائونسز 58کروڑ روپے سے بڑھا کر نئے مالی سال 2019-20 ئمیں 2 ارب 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں نیب افسران و ملازمین کے دیگر الائونسز میں بھی 5 کروڑ روپے کا الگ سے سے اضافہ کی تجویز دی ہے ۔