ملتان(صباح نیوز)نیب نے 39اشتہاری ملزمان کی فہرست ملک کے تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس کو ارسال کر دی۔نیب کی جانب سے اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک روانگی یا وطن آمد پر گرفتار کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ تمام ملزمان کے نام، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ نمبر کی فہرست امیگریشن حکام کو بھجوائی گئی ہے ، ان ملزمان کے خلاف نیب ملتان میں کیسز چل رہے ہیں اورعدالتوں کی جانب سے انہیں اشتہاری قرار دیا گیا ہے ۔ نیب ملتان نے استدعا کی اگر یہ ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش کرتے یا بیرون ملک سے پاکستان واپس آتے ہیں تو انہیں گرفتار کر کے فوری طور پر نیب کو اطلاع دی جائے تاکہ نیب انہیں اپنی تحویل میں لے سکے ۔