لاہور(سٹاف رپورٹر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب صدرسیدمحمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں توہین آمیزخاکوں کے حوالے سے ہالینڈکے خلاف قراردادپیش کرے ۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی توہین کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت توہین آمیز خاکے شائع کرنے کے فیصلے پرہالینڈ سے سفارتی تعلقات معطل کرے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مختلف اجتماعات سے خطاب میں کیا۔سیدکفیل بخاری نے کہاکہ او۔آئی۔ سی ہالینڈ کے خلاف مؤثر آواز بلند کرے اور مسلم ممالک کے حکمران ہالینڈ کی مصنوعات کابائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق توہین مذہب اورمقدس شخصیات کی توہین جرم ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجلس احرار آئندہ ہفتے پورے ملک میں ہالینڈکے خلاف شدید احتجاج کرے گی اور مسلم ممالک کے سفیروں کویادداشت بھجوائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس 6ستمبر کو مرکزی دفتر میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں ملک کی دینی وسیاسی صورت حال کا جائزہ لے کر ایک رپورٹ تیار کی جائے گی اور لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔اجلاس کی بابت ایجنڈا مجلس احراراسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ کی جانب سے مرکزی مجلس شوریٰ کے تما م ارکان کو جاری کردیا گیا ہے ۔