لاہور(سٹاف رپورٹر) جامع القدس چوک دالگراں میں جمعہ کے خطبہ میں حافظ عبدالغفارروپڑی اورجے بلاک ماڈل ٹاؤن جامع مسجد رحمانی میں حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے لوگوں کو کرونا جیسی مہلک بیماریوں سے بچائوکے بارے میں لوگوں کی رہنمائی کی اور ایسے موقع پرلوگوں کو اﷲ کے نبی ﷺ کی بیان کردہ مسنون دعائیں بھی پڑھنے کیلئے بتائیں اور اﷲ کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دی،نماز جمعہ کے بعد اﷲ تعالی کے ہاں گڑ گڑا کر عاجزی اور انکساری کے ساتھ دعا کی گئی ملکی سلامی کیلئے دعائیں کی گئیں بیماروں اور کرونا وائرس کے شکار اور دیگر بیماروں کے لئے دعائیں کی گئیں۔جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا کہ ایسے موقعوں پر ہمیں اﷲ کے نبی ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپناتے اس پر عمل کرنا چاہیے اور اﷲ کی طرف رجوع کرنا چاہیے تاکہ اﷲ تعالی ہمیں ایسی آزمائشوں سے نجات دے ۔