لاہور( پ ر ) حکومت پنجاب کی طرف سے حال ہی میں تعینات کردہ پانچ جامعات جن میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید منصور سرور، ویمن کالج یونیورسٹی سیالکوٹ کی وائس چانسلر ڈاکٹر رخسانہ کوثر، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر بشری مرزا، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ فاروق اور ہوم اکنامکس کالج یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین شامل ہیں کے اعزاز میں لاہور جمخانہ کلب میں خیرمقدمی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس عشائیہ کا اہتمام یونیورسٹی آف ایجوکیشن، امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز اور بین الاجامعاتی کسنورشیم برائے فروغ سماجی علوم نے مشترکہ طور پر کیا، جس میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اعلی حکومتی عہدیداروں، غیر ملکی مندوبین اور کالم نگاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں تھے ، جنہوں نے نومنتخب وائس چانسلرز کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب نے ایک نہایت شفاف طریقے کے تحت میرٹ پر ان وائس چانسلرز کا انتخاب کیا ہے ، جو یقیناً اعلی تعلیم کے لئے نہایت خوش آئند امر ہے ۔ صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن نے نئے وائس چانسلرز کے اعزاز میں یہ پروقار تقریب منعقد کرانے پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر رؤفِ اعظم و دیگر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلرز کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ جلد ہی نو منتخب وائس چانسلرز کیلئے ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا ۔