لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن نے بھی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سہولیاتی مرکز قائم کردیا ہے اور لاہور چیمبر کے ممبران سہولت کے لیے یہ قدم اٹھانے والا کرنے والا دسواں ادارہ بن گیا ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ اور ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد حنیف رانا نے سہولیاتی مرکز کا افتتاح کیا جبکہ سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سابق نائب صدر کاشف انور، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شفیق احمد بٹ اور حاجی آصف سحر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ محمد حنیف رانا نے کہا کہ سہولیاتی مرکز کے قیام سے لاہور چیمبر کے ممبران کے مسائل جلد حل کرنے میں مدد ملے گی، لاہور چیمبر مبارکباد کا مستحق ہے جس نے ایک چھت تلے اپنے ممبران کو بہت سی سہولیات مہیا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سوشل سکیورٹی قوانین کے تحت ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو علاج و معالجہ کی سہولیات مہیا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی جانب سے دیا جانے والا کنٹری بیوشن انتہائی صاف و شفاف طریقے سے ویلفیئر کے کاموں پر خرچ کیا جارہا ہے ۔