لاہور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر ، وقائع نگار خصوصی ،خصوصی نیوزرپورٹر) پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ انتظامیہ نے 8افسروں کو فارغ کردیا۔ ایک کے علاوہ تمام ڈائریکٹرز کی پوسٹیں خالی پڑی ہیں جبکہ 4ڈپٹی ڈائریکٹر کو بھی فارغ کردیا گیا۔انتظامیہ کی جانب سے مجموعی طور پر8 افسروں کو فارغ کیا گیا جس میں 2 ڈائریکٹرز اور6 ڈپٹی ڈائریکٹرز شامل ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ڈیپوٹیشن پرآئے ایک ڈائریکٹر اور 2 ڈپٹی ڈائریکٹر کو واپس بھجوا دیا گیا جب ایک ڈائریکٹر نے اپنا تبادلہ کروا لیا ہے ۔ ڈائریکٹر فائنانس کی جگہ بھی جس کو تعینات کیا گیا تھا اس افسر نے تاحال جوائننگ نہیں دی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں دی گئی۔ ان 4 ڈائریکٹرز میں عثمان چیمہ ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ ، فیصل بشیر ڈپٹی ڈائریکٹر پیپر ، ایم عمر ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹبلشمنٹ ، ایم افضل ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل شامل ہیں۔ادھر حکومت نے چیئرمین اسٹیٹ لائِف انشورنس کارپوریشن کا اضافی چارج سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی صالح فاروقی اور سیکرٹری مواصلات ظفر حسن کو سیکرٹری منصوبہ بندی کا اضافی چارج دے دیا۔قبل ازیں سیکرٹری تجارت یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت پروموشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کے 10 افسران کو گریڈ 19 میں ترقی دیدی گئی۔ترقی پانے والے افسروں میں احسن ریاض چوہدری،حنا گل، نوشین امتیاز ،مہوش خادم، انیسہ ظفر،عدیلہ یونس،فہد رضا،اشفاق احمد،رضوان الحق اور عدنان یونس لودھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے فیاض الحق نعیم کو ایس ڈی پی اوحسن ابدال اٹک، عمارہ شیراز ی کوا یس ڈی پی اوصدراٹک، عبدالرحمان کو ا یس ڈی پی اوجنڈاٹک،غلام اصغر کو ا یس ڈی پی اوصدر مظفر گڑھ،ذوالفقار علی کو ایس ڈی پی او ٹاؤن شپ لاہور، میاں حسن عزیز کو ایس ڈی پی او ماڈل ٹاؤن لاہور، آصف بہادرکوایس ڈی پی او ڈیفنس لاہور،ظفر جاوید ملک کو ڈیپوٹیشن پر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی،خالد محمود کو ایس ڈی پی او فیروز والہ شیخوپورہ، شاہد اکرام کو سی ٹی ڈی پنجاب، عصر علی کو ایس ڈی پی او سٹی راولپنڈی،ملک طارق محبوب کو ایس ڈی پی اووارث خان راولپنڈی، تقرری کے منتظر آصف حنیف جوئیہ کو ایس ڈی پی او پتوکی،رضوان منظور کو ڈی ایس پی آر آئی بی شیخوپورہ جبکہ یعقوب اعوان کو سی پی او لاہور رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔