اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک )سابق چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نجم سیٹھی نے خو د کو صحیح ثابت کرنے اور بھارت سے زر تلافی پانے کے چکر میں بورڈ کاپیسہ پانی کی طرح بہایا۔پاکستان نے باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ پورا نہ کرنے پر بھارت کیخلاف 63 ملین ڈالر کا مقدمہ کیا تھا جس کا نتیجہ اس کے خلاف سامنے آیا اور اب مزید رقم بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے کیوں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )نے پی سی بی سے اخراجات کی مد میں 28.6کروڑ پاکستانی روپے (15کروڑ بھارتی روپے ) وصول کرنے کے لیے کیس کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایسے کیسز میں دونوں پارٹیز اور تنازعات کمیٹی اپنے اپنے اخراجات کی مکمل تفصیل پیش کرتی ہیں، پھر دونوں پارٹیز میں سے جس کے خلاف فیصلہ آئے اسے ادائیگی کرنا پڑتی ہے ، اب پاکستان کو بھی رقم دینا پڑے گی اور اسے چیلنج بھی نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ ثالثی کمیٹی کے سامنے کہہ سکتا ہے کہ پی سی بی یہ کیس نجم سیٹھی کی لاپرواہی کی وجہ سے ہارا اور ان کی غلطیوں کی سزا پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہیں ملنی چاہئے تاہم حتمی فیصلہ کمیٹی کا ہی ہوگا ۔