اسلام آباد(اظہر جتوئی)وفاقی حکومت نے نجکاری کا عمل تیز کرتے ہوئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی( آئیسکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے جسکی باقاعدہ منظوری وفاقی کابینہ آج منگل کودے گی،آرایل این جی کے 1223میگاواٹ کے بلوکی پاور پلانٹ اور1230میگا واٹ کے حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کی نجکاری کیلئے بڈنگ کا عمل دسمبر کے آخر تک مکمل کرنے کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی،کابینہ کی نجکاری کمیٹی آئیسکو ، لیسکو اور سٹیٹ لائف کو نجکاری کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے چکی ہے ۔ذرائع کے مطابق نجکاری کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کی تجویز پر ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان کو نجکاری فہرست سے نکال دیا او ر ٹیلی فون انڈسٹریز کی جوائنٹ وینچر کے ذریعے بحالی کے پلان کی منظوری دی۔ نجکاری کمیٹی نے بلوکی پاور پلانٹ اور حویلی بہادرشاہ پاور پلانٹ کی نجکاری کی بھی منظوری دی تھی، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی ان پلانٹس پر مشتمل ہے ،کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ ان دونوں پلانٹس کی نجکاری کیلئے بڈنگ کا عمل دسمبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے ، منظور شدہ پلان کے مطابق اگر دونوں پلانٹس کیلئے سب سے زیادہ بولی دینے والا ایک ہو اتو دونوں اداروں کو ایک ساتھ خریدنے کی پیش کش کی جائیگی اور زیادہ بولی دینے والے مختلف ہوئے تو پھر ان دونوں پلانٹس کے انضمام کے خاتمے کی شرط پر عمل کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے پہلے ہی 10 کمپنیوں کو نجکاری فہرست میں شامل کیا ہے ، ان میں747میگاواٹ کے گدو پاور پلانٹ ، سنٹرل پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ ،425میگاواٹ کے نندی پور پاور پلانٹ ، ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ ، فرسٹ وویمن بینک ، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، پاکستان انجینئرنگ کمپنی ، سندھ انجینئرنگ لمٹیڈ اور پاکستان ری انشورنس کمپنی لمٹیڈ شامل ہیں ، ان کمپنیوں کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزرز کی تعیناتی کیلئے اشتہارات دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔