لاہور (جنرل رپورٹر) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے نجی جامعات کے مسائل کے حل کیلئے ہائر ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کے ناموں کا اعلان کردیا۔8 رکنی کمیٹی کے سربراہ وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں ہونگے جبکہ چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ یونیورسٹیز پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ساجد ظفر ڈال ، چیئرمین پنجاب ایچ ای سی، میاں خالد رحمان ،میاں عمران مسعود،میجر جنرل (ر) عبید بن زکریا اور اویس رؤف بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔محکمہ ہائر ایجوکیشن نے ریفارمز کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیکلٹی، ڈیپارٹمنٹس اور تمام کیسز کو بغیر کسی تاخیر کے زیربحث لایا جائے گا، ایکریڈیٹیشن کمیٹی کے زیر عمل تمام کیسز کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے گا،جامعات کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے نفاذ کیلئے سفارشات پیش کی جائیں گی،ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں نجی جامعات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہائر ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کو ملاقات کیلئے گورنر پنجاب نے مدعو کرلیا۔کمیٹی گورنر سے کل صبح 10 بجے گورنر ہاؤس میں ملاقات کرے گی۔کمیٹی کے کنوینئر وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی سربراہی میں تمام ممبرز گورنر ہاؤس میں چودھری سرور سے ملاقات کریں گے ۔گورنر سے ہونے والی ملاقات میں نجی جامعات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے گفتگو ہوگی اور پنجاب میں تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے مختلف تجاویز زیرغور آئینگی۔