لاہور(جنرل رپورٹر) ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیرنے پنجاب کے تمام نجی ہسپتالوں سے فضلہ کو روزانہ کی بنیاد پر تلف کر نے کا حکم دے دیا۔ ڈاکٹر ہارون جہانگیرنے یہ احکامات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز اور ہیپاٹائٹس انفیکشن کنٹرول پروگرام کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ہسپتالوں کے فضلہ کو تلف کرنے کے حوالہ سے منعقدہ اہم کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جاری کئے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود ڈاکٹر شعیب گرمانی، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ، ڈاکٹر مشتاق سلہریا اور ڈاکٹر یداﷲ سمیت شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ہارون جہانگیر کاکانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے کا دائرہ کار دیہی اور بنیادی صحت مراکز تک بڑھایاجائے گا۔ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ذریعے تمام نجی ہسپتالوں اور کلینکس سے فضلہ تلف کرنے کے حوالہ سے مشاورت اور اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر مشتاق سلہریا کا کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کے فضلہ کو ایس او پی کے مطابق تلف کرنے کے حوالہ سے ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ ساتھ باقی منسلک اداروں کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔