لاہور(سلیمان چودھری )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پرائیوٹ میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں کا جائزہ لینے کے لیے ٹاسک فورس کے ممبران کا چناؤکر لیا ہے ۔دونوں الگ الگ قائم کی جانیوالی ٹاسک فورس کی سربراہی وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کریں گی۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ناموں کی منظوری کے لیے سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق 5اکتوبر کو وزیر اعلی ٰپنجاب نے پرائیوٹ میڈیکل کالجز اور ہسپتالوں کے جائزہ لینے کے لیے الگ الگ ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے پرائیوٹ میڈیکل کالجز کی ٹاسک فورس کی سر براہی وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کریں گی دیگر ممبران میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب ، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے نمائندہ ڈاکٹر مشتاق سلہریا ، سیکرٹری لاء ، پروفیسر آف سرجری کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ابرار اشرف اور سابق وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فخر امام شامل ہیں۔پرائیوٹ ہسپتالوں کی ٹاسک فورس کی سربراہی وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد ہی کریں گی دیگر ممبران میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ، وائس چانسلر چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، پرنسپل سروسز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور، چئیرمین شیخ زید ہسپتال لاہور، ایڈمنسٹریٹر گلاب دیوی ہسپتال اور سابقہ پنجاب حکومت کے چہتے ایک پرائیوٹ کمپنی کونٹیک انٹرنیشنل کے مالک ڈاکٹر نعیم الدین میاں شامل ہیں۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ناموں کی منظوری کے لیے سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی ہے ۔