لاہور (جنرل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) پنجاب کی وزارت ہائر ایحوکیشن نے صوبے کو بڑے تعلیمی بحران سے بچا لیا ہے ۔وزیر ہائر ایجوکیشن کے چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ یونیورسٹیز کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ،نجی یونیورسٹیوں کے مطالبات کو منظور ، مسائل کے حل کیلئے فریقین پر مشتمل8 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔تفصیل کے مطابق پنجاب کی نجی جامعات میں پیدا ہونیوالے بحران پر قابو پا لیا گیا۔وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں کے چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ یونیورسٹیز پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمٰن کے ساتھ مذاکرات میں نجی یونیورسٹیوں کے وفد میں اویس رؤف،میاں عمران مسعود اور میجر جنرل (ر)عبید بن زکریا شامل تھے جبکہ وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کیساتھ سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن مذاکرات میں شریک تھے ۔بعد ازاں پریس کانفرنس میں راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز اور وزارت ہائر ایجوکیشن کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ۔ پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کا کردار قابل تعریف ہے ،انکے تمام جائز مطالبات منظور اورمعاملات کو حل کرنے کیلئے فریقین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔ کوئی ایسا قانون نہیں لا رہے جس سے کسی کو بلا وجہ ملزم قرار دیا جائے یا نجی شعبہ کی تذلیل ہو۔بیوروکریسی کی وجہ سے فائلیں روکی رہتی تھیں اس کو ٹھیک کرنے کیلئے نظام وضع کرلیا۔سب کیمپس اور نئے ڈگری پروگرامز شروع کرنے کی جو فائلیں میرٹ پر ہیں ایک ہفتے میں کلیئر کردینگے ۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کپسٹی کا بھی ایشو ہے جس کو بہتر کررہے ہیں۔پرانے لوگوں کو تبدیل کیا گیا ہے ۔ون ونڈو پر کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمٰن نے کہا کہ ایجوکیشن کو ترجیحات میں شامل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ امریکہ ،برطانیہ میں بھی بہترین جامعات نجی شعبہ کی ہیں۔خطے کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں طلبہ کی انرولمنٹ کم ہے ۔ نجی جامعات کے ایکٹ پر عملدرآمد کیا جائے ۔اگر ہمیں سپورٹ کیا جائے توانرولمنٹ میں اضافے کیساتھ ساتھ ملکی جامعات کو کچھ ہی عرصے میں دنیا کی بہترین جامعات میں شامل کرسکتے ہیں۔حکومت اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے صحت کارڈ کی طرح تعلیم کارڈ جاری کرے ۔ اگر نجی شعبہ کو سپورٹ کرنا ہے تو ڈیپارٹمنٹ اور ڈگری شروع کرنے کے پروسیس کو تیز کرنا ہوگا۔قومی ایشو کو زیر بحث لانے کیلئے میڈیا کے مشکور ہیں۔وزیر ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کے بھی شکرگزار ہیں کہ انہوں نے معاملات کو سنجیدگی سے لیا۔چوہدری عبدالرحمٰن نے یقین دہانی کرائی کہ نجی سیکٹر کوالٹی ہائر ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا۔کمیٹی نجی یونیورسٹیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کریگی۔ عمران مسعود نے کہا کہ جامعات کیخلاف کارروائی کا طریقہ چارٹر میں شامل ہے ، اسی کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے ۔