لاہور،فیصل آباد،سانگلہ ہل،شاہ کوٹ،حبیب آباد،کراچی(نمائندہ خصوصی سے ،سٹی رپورٹر،نامہ نگار، نمائندہ92نیوز، سٹاف رپورٹر )ناروے میں قرآن پاک کی توہین کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی۔گزشتہ روزلاہور میں ورلڈ پاسبان ختم نبوت اورسول سوسائٹی کے کارکنوں نے بیرون لوہاری گیٹ سرکلر روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اورزبردست نعرہ بازی کی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ممتازاعوان ،پیرسید ولی اﷲ شاہ بخاری،ریاض چوہدری،حافظ شعیب الرحمٰن قاسمی،علامہ وقارالحسنین نقوی،مولانا عمرحیات ،محمدشکیل بھٹی ،حافظ افتخاراحمدفخر ،شان علی قادری ،ملک عمیرعربی سلطان ،پیرطارق محمودنقشبندی اورحافظ محمدیعقوب شاہ نے کہاکہ ناروے میں ہونیوالا شیطانی عمل مختلف تہذیبوں میں ٹکرائو اور دنیاکاامن تباہ کرنے کی گہری سازش ہے ۔ ناروے حکومت اورمسلم امہ ومہذب دنیاایسے ناپاک واقعات کے تدارک کیلئے موثر کردار اداکریں۔فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا کی جانب سے پرنسپل آفیسر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر آفتاب واجد کی قیادت میں ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مذموم واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا ۔ شرکانے حرمت قرآن کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے عالمی سطح پر مقدس کتابوں اور پیغمبروں کی شان میں گستاخی پر مبنی واقعات کیخلاف سخت موقف اپنانے ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارم سے ناروے اور دیگر ملکوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔سانگلہ ہل میں صحافی برادری کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔کلاک ٹاورچوک میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ارمان ادریس چٹھہ اورزاہدانصاری نے کہاکہ ناروے میں اسلام دشمن اقدام نے امت مسلمہ میں غم وغصہ پیداکردیاہے ۔ ریلی کے اختتام پرملکی سلامتی اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔شاہ کوٹ میں جامعہ رضویہ منظر الاسلام کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جو جامع مسجد نوری سے شروع ہو کر بلدیہ چوک اختتام پذیر ہوئی ،شرکا نے پلے کارڈز و بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلامی ہیرو الیاس کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ ملزموں کو کڑی سزا دینے کے مطالبے درج تھے ۔ اس موقع پرعلماء کرام قاری احسان قیوم، مفتی محمد ریاض مرتضائی، قاری انعام آ بابر، حاجی طیب شاد قادری، شیخ راشد محمود نظامی، سید عامر علی گیلانی، محمد حامد فاروقی و دیگر نے خطاب کیا۔قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف گورنمنٹ ڈگری کالج پتوکی کے سینکڑوں طلبا نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پرناروے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی اور سفارتی تعلقات ختم کرنیکا مطالبہ کیا گیا۔ادھرمتحدہ مجلس عمل کے رکن سید عبدالرشید نے ناروے میں قرآن مجید کی بے حرمتی کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہتوہین آمیزحرکت دہشتگردی اورانتہا پسندی ہے ،حکومت پاکستان ناروے کے سفیرکو ملک بدر کرکے ناروے حکومت کیخلاف احتجاج کیلئے اقدامات کرے ۔