دوحہ (اے ایف پی) افغان طالبان نے کہا ہے آئندہ مذاکرات میں امریکی انخلا پر فوکس کیا جائے گا۔افغان طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے دوحہ میں اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے پچھلے دور میں امریکہ کے ساتھ تمام غیرملکی فورسز کے انخلا پر اتفاق ہوا تھا اور اب انخلا کے ٹائم فریم سمیت تفصیلات کا طے ہونا باقی ہے ۔انہوں نے کہا انخلا کے بدلے ہم نے وعدہ کیا ہے کہ افغانستان کو دہشتگردوں کو دیگر ملکوں پر حملوں کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے کہا ہمیں بیانات جاری کرنے اور پریس کانفرنس کیلئے دفتر کی ضرورت ہے اور ابھی ہمارے پاس کوئی دفتر نہیں ۔امریکہ اور افغان طالبان میں مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ہفتوں میں دوحہ میں متوقع ہے ۔