کراچی( آن لائن )پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ فوجی بجٹ میں کمی خوش آئند مگر ناقابل قبول ہے ۔سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے حکومت کی مالی مشکلات دیکھتے ہوئے فوجی بجٹ میں کمی کا فیصلہ کیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔فوج کی یہ کاوش حب الوطنی اورعوام دوستی کی روشن مثال ہے ۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ خارجی اور داخلی محاذ پر چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے ، پڑوسی ملک میں جنونی حکومت آ گئی ہے ، امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کسی بھی وقت بڑھ سکتی ہے ، افغانستان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں جبکہ وزیرستان میں صورتحال دوبارہ تشویشناک ہو گئی ہے ۔ ان حالات میں فوجی بجٹ میں کمی نہیں بلکہ اضافے کی ضرورت ہے ۔