لندن،اسلام آباد (این این آئی،نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے گندم اور آٹے کے اربوں روپے کے سکینڈل کا ذمہ دار عمران نیازی اور کابینہ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی۔ نالائق ٹولے سے جس قدر جلد نجات ہوگی پاکستان کے قومی، عوامی مفادات کیلئے اچھا ہے ، نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو جائے گا، مزدور سے روزگار تو پہلے ہی چھن چکا ، اب اس کے بچوں کا نوالہ بھی چھین لیاگیا ہے ،عوام دشمن ایجنڈے پر کاربند ٹولے سے ملک و قوم کو آزادی دلانے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا تکبر، ضد اور حماقتوں نے ملک کا ہر شعبہ تباہ کر دیا،وفاقی حکومت کی پابندی کے باوجود25جولائی سے اکتوبر 2019 تک 48000 میٹرک ٹن گندم کیسے برآمد کی گئی اور ایک ارب 83کروڑ روپے کس کی جیب میں گئے ،وزیر فوڈ سکیورٹی کا دعویٰ ہے 25 جولائی کے بعد ایک دانہ بھی ملک سے باہر نہیں گیا تو پھر جنات گندم باہر لے گئے ؟،حالات کی سنگینی کے پیش نظر پارٹی قائدین کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ تمام سیاسی قائدین اور جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان سے رابطہ کرکے ٹھوس حکمت عملی وضع کریں، عوام کو نالائق ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔ شہباز شریف نے آٹے کی قلت اوربحران کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گندم، آٹے اور اب چینی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہاعمران خان نے پاکستان کو جدید معیشت سے لنگر خانہ معیشت میں بدل دیا،آج ہر کوئی بلک رہا ہے ، آٹا 70 روپے کلو بھی نہیں مل رہا، چینی 80 روپے کلو ہو گئی، ٹماٹر 200 روپے کلو تک جا چکا،جس شخص نے ساری زندگی چندہ جمع کیا ہو وہ کیا معیشت کو کنٹرول کرے گا،ایسے شخص کا کیا وژن ہو گا، لنگر خانہ حکومت نے بڑے بڑے دعوے کیے اورنوجوان نسل کو گالیاں سیکھائی،یواین سے مطالبہ ہے اس لیڈر کو فنڈ ریزنگ کی کسی پوسٹ پر لگا کرلنگرخانہ حکومت سے ہماری جان چھڑادے ۔ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہاسولہ ماہ میں ناقابلِ تلافی تباہی ،سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا صرف نالائقی ہے یا جان بوجھ کی جا رہی ہے ؟۔