اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021ء سے ہو گا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق منگل کو وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ۔ملاقات آئی ایس آئی میں کمانڈ کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی،اس عمل کے دوران وزارت دفاع سے افسران کی فہرست موصول ہوئی، وزیراعظم نے تمام نامزد امیدواروں کا انٹرویو کیا، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا حتمی دور ہوا،تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی۔نامزد ڈی جی آئی ایس آئی 20 نومبر 2021 کو چارج سنبھالیں گے ۔ملاقات کے بعد وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری ہوا۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021ء تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے ۔92 نیوز کے مطابق وزیراعظم، آرمی چیف ملاقات میں کالعدم جماعت کے معاملے پربھی بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔