لاہور،میرپورخاص(نمائندہ خصوصی سے ، نامہ نگار) پاکستان بھر میں بسنے والی ہندو برادری نے اپنا روایتی ہولی کا تہوار منایا جبکہ میرپورخاص میں ہولی کے تہوار پر ہندو ئوں کے 2 گروہوں میں تصادم کے نتیجہ میں10 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں ہولی کی سالانہ تقریب بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی نمونہ بن گئی۔ہندو شہریوں نے کرشنا مندر راوی روڈ پر ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر ہولی کا تہوار منایا۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان،صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین نے ڈاکٹر منور چاند،فادر جیمز چنن، گیانی رنجیت سنگھ، سردار بشن سنگھ سمیت دیگر شرکاء کیساتھ ملکر کیک بھی کاٹا جس پر ’’Happy Holy From Evacuee Trust Property Board‘‘ کے الفاظ کنندہ تھے ۔مسلم، ہندو، سکھ، عیسائی سمیت سبھی مذاہب کے لوگوں نے پاکستان کی سالمیت، ملک و قوم کی سر بلندی، ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے مشترکہ دعا کی اورملک کی خاطر کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہ کرنیکا عہد کیا۔ ہولی کی تقریب کا آغاز مقررہ رقت سے ڈیڑھ گھنٹے بعدپجاری کاشی رام نے پوجا سے کرایاجس کے بعد ڈاکٹر منور چاند، انکی اہلیہ و دیگر ہندو مذہب کے پیروکاروں نے ملکر بھجن گائے ۔ مندر میں موجود شخصیات نے ہولی کی مناسبت سے معروف گانے بجا کر ایک دوسرے پر رنگ پھینکے اور ایک دورے کو تلک لگائے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس نے مندر مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ انکی معاونت کیلئے گوردوارہ شری ڈیرہ صاحب کے مہتمم سید اظہر بھی موجود تھے ۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان نے کہا کہ پاکستان اقلیت نواز اور قلیت دوست ملک ہے ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قائداعظم کے و ژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ، ہم سب پاکستانی اور ایک ہیں۔ شرکاء کو متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے پر تکلف کھانا بھی پیش کیا گیا۔ ادھر میرپورخاص میں ہولی پر ہندو برادری کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجہ میں دس افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں بھیل اور جنڈا برادری کے لوگ شامل ہیں،جھگڑا زیادہ شراب پینے کی وجہ سے شروع ہو ا ۔جھگڑے میں لاٹھیوں ،ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال کیا گیا ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افرادکو منتشرکیا اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر ایا۔